اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کے معاملے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف اور جمعیت علماءاسلام (ف ) کے وفود شریک ہوئے، الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک انصاف کے وفد نے انتخابات آئین کے مطابق 90 دن کے اندر یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت حلقہ بندی کی ضرورت نہیں، پارٹی کے مختلف گرفتار لیڈروں و کارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے، پارٹی کو سیاسی ریلیوں کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کو دوسری جماعتوں کی طرح سیاست میں یکساں مواقع مہیا کئے جائیں۔
اعلامیے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے الیکشن کمیشن کے سامنے موقف اختیار کیا کہ انتخابات کا انعقاد آئین کا تقاضا ہے اب چونکہ مردم شماری کے رزلٹ شائع ہو چکے ہیں الیکشن کمیشن کو پہلے حلقہ بندی کا عمل مکمل کرنا چاہیے، اس طرح آئندہ انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیوں، امیدواروں اور ووٹروں کو سہولت ہو گی۔
جے یو آئی نے مزید کہا کہ انتخابی فہرستوں میں نئی مردم شماری کے مطابق ووٹروں کے درست اندارج کی ضرورت ہے، مزید پولنگ سٹیشنوں کی لسٹوں کو بھی درست کیا جائے، غیر جانبدار اور دیانتدار ریٹرننگ افسروں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں پارٹیوں کو یقین دلایا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا انعقاد جلد ازجلد چاہتا ہے اور یقینی بنایا جائے گا کہ انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع میسر ہوں، انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، سیاسی پارٹیوں سے مشاورت کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔