ملک میں انتخابات کا معاملہ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے: شیخ رشید

Published On 25 August,2023 11:23 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کے اندر انتخابات کا معاملہ روز بروز پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے، تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے یا صدر نے اسکا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شیخ رشید کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ گیند لاء منسٹری کی کورٹ میں ہے، ڈالر ٹرپل سنچری کر چکا ہے، کھانے اور گاڑی چلانے کا تیل، بجلی کا بل اور آٹا، چینی غریب کیلئے سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مشکلات سنگین ہوگئی ہیں، سعوی عرب اور چین کی امداد کے باوجود بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گراوٹ کم نہیں ہو رہی،آئندہ 5 سال میں ہمیں 88 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، اب ہمیں کوئی بھی ڈالر دینے کے لئے تیار نہیں، کچھ سمجھ نہیں آ رہی کیا ہونے جا رہا ہے، صورتحال واضح نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وقارمسعود صاحب میرے ذاتی دوست ہیں میں ان سے ذاتی طورپر یہ کہنا چاہوں گا کہ پٹرول اور بجلی کے مسئلے کا کوئی حل نکالیں اور آٹے کو غریب کی قوت خرید کے قابل بنائیں ورنہ یہ مسئلہ سنگین اور گھمبیر ہوجائے گا پھر کسی سے نہیں سنبھالا جائے گا۔