ملک میں الیکشن کب اور کیسے ہونگے یہ ایک اہم سوال ہے: شیخ رشید

Published On 19 August,2023 11:23 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن کب اور کیسے ہوں گے یہ ایک اہم سوال ہے، آئین واضح حکم دیتا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں 90 روز میں انتخابات کروانے ہونگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار کونسل کی الیکشن کی بابت اپیل سپریم کورٹ میں انتہائی اہم ہے، الیکشن کمیشن کہہ چکا ہے سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمبلیوں کی نشستیں بڑھانے کے لیے آئینی ترمیم ناگزیر ہے، الیکشن کمیشن کو معلوم ہے آئینی ترمیم کے بغیر نشستوں کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، ترامیم الیکشن ایکٹ میں کی گئی ہے، آئین اپنی جگہ موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آخری 15 دنوں میں شہباز حکومت نے تمام قانون عوام کی افادیت کے لئے نہیں بلکہ اپنی ذاتیات کیلئے بنائے، موجودہ سیاسی حالات میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ چیف جسٹس اپنے آخری دنوں میں کافی اہم فیصلے کر کے جائیں گے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ 11 مارچ کی رات 12 بجے آدھی سینٹ خالی ہو جائیگی اُس سے پہلے الیکشن کروانا ضروری ہو جائیگا، الیکشن اس سے لیٹ ہوئے تو آئینی بحران پیدا ہوگا، سی سی آئی کی میٹنگ میں دو صوبوں کے نگران وزیراعلیٰ نے ووٹ ڈالا جس نے سی سی آئی کے میٹنگ کے فیصلے پر آئینی سوال پیدا کر دیئے۔