انوارالحق کاکڑ کی آبپاشی معاملات پر بین الصوبائی تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی

Published On 26 August,2023 08:02 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آبپاشی معاملات پر بین الصوبائی تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بلوچستان میں آبپاشی اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کو بلوچستان میں کچی نہر، پَت فیڈر نہر، آواران ڈیم، گشکور ڈیم، وِنڈر ڈیم اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا بلوچستان میں زراعت کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے مکمل طور پر فائدہ نہیں اٹھایا گیا، بلوچستان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، نگران وزیراعظم نے بلوچستان میں آبپاشی اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔

نگران وزیراعظم نے کہا مشکل معاشی صورتحال کے باوجود ان منصوبوں کی تعمیر میں ہر ممکن مدد کی جائے گی، آبپاشی کے معاملے پر بین الصوبائی تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا تاکہ ملکی ترقی کا پہیہ تیز تر چل سکے اور وفاق مضبوط ہو۔

انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں نگران وفاقی وزراء سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی، صوبائی وزراء بلوچستان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔