لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل نے کہا توانائی کے شعبے کی تباہی کا ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی اور اسے مسلط کرنے والے ہیں۔
بلال کیانی نے ٹویٹ کیا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013ء سے 2017ء کے دوران ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کرنے کا وعدہ پورا کیا، بجلی، گیس، آٹا، چینی، روٹی سستی، مہنگائی 47 سال کی کم ترین سطح پر لائے۔
بلال کیانی نے کہا ترقی کے اس سفر کو سابق حکومت کے پراجیکٹ نے تباہ کردیا، معیشت کی طرح توانائی کے شعبے کی تباہی کا ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی اور اسے مسلط کرنے والے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے انرجی کے شعبے میں ’’ری بیسنگ‘‘ (قیمتوں کے تعین کا بنیادی پیمانہ) نہ کرکے چار سال میں بجلی کے شعبے کا گردشی قرض (1152 ارب سے) دوگنا کردیا اور اسے2253 ارب روپے پر پہنچا دیا۔
انہوں نے کہا یہ چارٹ نہیں بلکہ نااہلی، مجرمانہ غفلت اور عوام کو اذیت میں مبتلا کرنے کے چیئرمین پی ٹی آئی کے جرائم پر ایک فرد جرم ہے، سابق وزیراعظم شہبازشریف نے 16 ماہ میں گردشی قرض بڑھنے کی رفتار پر قابو پایا، ری بیسنگ اور سلیب بنا کر معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے بچایا۔
بلال کیانی نے مزید کہا 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن اور پروٹیکٹڈ صارفین کے لئے قیمت میں اضافہ نہیں ہونے دیا، ان ساڑھے 63 فیصد گھریلو صارفین کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ ہے۔
بلال کیانی نے کہا آج بجلی کی قیمت میں ہونے والے اضافے کا ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہے جس نے ڈیزل اور فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی جس کی قیمت آج صارفین کو بھرنا پڑ رہی ہے، یہ وعدہ ہے انشاء اللہ پھر عوام کا مینڈیٹ لے کر نواز شریف بجلی سستی کریں گے، روزگار دیں گے، ملک ترقی کرے گا۔