الیکشن کمیشن کا سندھ اور بلوچستان میں عام انتخابات سے متعلق اجلاسوں کا اعلامیہ جاری

Published On 29 August,2023 04:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سندھ اور بلوچستان میں عام انتخابات سے متعلق اجلاسوں کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت سندھ اور بلوچستان کے عام انتخابات سے متعلق الگ الگ اجلاس ہوئے، سندھ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز اجلاسوں میں شریک ہوئے، الیکشن کمیشن نے سندھ میں پوسٹنگ ٹرانسفر اور ہدایات نظر انداز ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کا یقین دلایا، شفاف اورغیرجانبدار انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، سندھ میں افسروں کی ٹرانسفر، پوسٹنگ اہم معاملہ ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پوسٹنگ ٹرانسفر انتخابات کی شفافیت کی طرف پہلا قدم ہے، اس کے بعد ڈی آر اوز، آر اوز، اسسٹنٹ ریٹرنگ افسران، مانٹرنگ ٹیموں کی تعیناتی ہونی ہے۔