اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی تجدید کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کر دی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چند میڈیا چینلز پر کہا گیا الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کےبعد انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام کرے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے یہ خبر درست نہیں کہ حلقہ بندیاں اور ووٹر فہرستوں کی تجدید کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان اور انعقاد ممکن ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں پر تجدید کے کام کا آغاز کر دیا ہے، حلقہ بندیاں اور ووٹر فہرستوں کی تجدید کے دونوں کام ساتھ ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔