اسلام آباد: (دنیانیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کے آئین کے مطابق آزادانہ اور شفاف انتخابات کے لیے امریکا کی حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
ترجمان امریکی سفارتخانہ کے بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی ، ملاقات میں پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر گفتگو کی گئی ۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شفاف انتخابات کے لئے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کا انتخاب کرنا پاکستانی عوام کا کام ہے، امریکہ پاکستان سے تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
امریکی سفیر کاکہنا تھا کہ امریکہ پاکستانیوں کے منتخب کردہ نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی تھی۔