اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات نہ کرنے فیصلہ کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے ملاقات کیلئے لکھے گئے خط پر غور کیا گیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو جوابی خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے بعد انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قانونی ٹیم کی جانب سے شرکاء کو بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت صدر سے انتخابات کے شیڈول پر مشاورت ضروری نہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو ملاقات کی دعوت دی تھی۔