اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت کے سیکرٹری وقار احمد نے کہا ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ پر کوئی تحریری فیصلہ جاری نہیں کیا تھا۔
صدر مملکت کے سیکرٹری وقار احمد نے " دنیا نیوز" پر آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے دونوں بلوں کی نہ توثیق کی نہ واپس بھجوانے کا تحریری حکم دیا۔
وقار احمد نے کہا کہ دونوں بل آج تک سیکرٹری آفس کو موصول ہی نہیں ہوئے، بل آج بھی صدر پاکستان کے دفتر میں موجود ہیں، صدر کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی سے معاملے کی تحقیقات کرا کر ذمہ داروں کا تعین کریں۔
وقار احمد کا کہنا تھا کہ میری خدمات کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کرنا انصاف پر مبنی فیصلہ نہیں، صدر منظور یا واپس کئے گئے ہر بل پر تحریری وجوہات کے ساتھ دستخط کرتے تھے۔
سیکرٹری وقار احمد نے حقائق منظر عام پر لانے کیلئے صدر پاکستان کو خط لکھ دیا، اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی عدالت میں ریکارڈ سمیت پیش ہو کر اپنی معصومیت ثابت کرنے کو تیار ہوں۔