اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے بلوچستان عوامی پارٹی کو کل مشاورت کے لئے مدعو کرلیا، بی اے پی نے ملاقات کیلئے وفد تشکیل دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کو کل 2 بجے مشاورت کے لئے طلب کیا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی سے عام انتخابات کے انعقاد بارے مشاورت ہوگی۔
بلوچستان عوامی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مشاورت کے لئے وفد تشکیل دے دیا، وفد میں سینیٹر نصیب اللہ بازئی، منظور کاکڑ صالح بھوتانی، زبیدہ جلال شامل، بی اے پی وفد میں سردار عبدالرحمان کھتران، لالہ رشید اور عبدالکریم نوشیروانی کو بھی شامل کیا گیا، بی اے پی وفد الیکشن کمیشن کو انتخابات سے متعلق تحفظات سے آگاہ کرے گا۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد کے بارے میں سیاسی جماعتوں کو مدعو کرنے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔