نگران وزیراعظم سے یو این میں پاکستان کے مستقل مندوب اور ایرانی سفیر کی ملاقات

Published On 01 September,2023 09:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغل نے الگ، الگ ملاقات کی ہے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ایران کے سفیر رضا امیری مغل کی ملاقات ہوئی جس میں پڑوسی ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر بات چیت کی گئی، نگران وزیراعظم نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور مند پشین سرحدی بازار کے حالیہ افتتاح پر بات چیت کی، انہوں نے کہا کہ بازار سرحدی علاقوں کی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔

انوار الحق نے مزید کہا کہ صدر رئیسی کی  پڑوسی سب سے پہلے  کی پالیسی علاقائی ترقی اور روابط کیلئے پاکستان کے وژن سے پوری طرح ہم آہنگ ہے، دونوں ممالک کو اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران دوطرفہ تعلقات بالخصوص معیشت، توانائی اور سلامتی کے شعبوں میں حالیہ مثبت سمت کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

نگران وزیراعظم سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی ملاقات
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں منیر اکرم نے نگران وزیراعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

نگران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پاکستان کی مثبت نمائندگی کرنے پر منیر اکرم کے کردار کو سراہا۔