نگران وزیراعظم سے یورپی یونین کی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

Published On 01 September,2023 08:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اور یورپی یونین کی سفیر ایچ ای رینا کیونکا نے الگ، الگ ملاقات کی ہے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، حکومت پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے نے کنگ چارلس تھری کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی قیادت کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم کے میدان میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر برطانیہ کی ہائی کمشنر نے برطانوی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ جمہوری تبدیلی کے اس مرحلے میں پاکستان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔

نگران وزیراعظم سے یورپی یونین کی سفیر ایچ ای رینا کیونکا کی ملاقات
دوسری جانب پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ایچ ای رینا کیونکا سے ملاقات میں نگران وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے یورپی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے میں جی ایس پی پلس سکیم کے اہم کردار اور جی ایس پی پلس سکیم کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت ملک میں اگلے عام انتخابات کے انعقاد تک آئینی تسلسل فراہم کرے گی۔

اس موقع پر سفیر ایچ ای رینا کیونکا نے کہا کہ یورپی یونین حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے بھی کام جاری رکھا جائے گا۔