سیالکوٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حب الوطنی پر کسی کی اجارہ داری نہیں ہے۔
کرسچن کمیونٹی کی سالانہ تقریب سے خطاب میں ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ انتہائی شرمندگی کا باعث ہے، پاکستان پاکستانیوں کا ہے، پاکستان کسی ایک مذہب یا فرقے کی ملکیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دعائیہ تقریب پاکستان کے ساتھ محبت کا مظہر ہے، ہم نے مل کر ملک کا دفاع کرنا ہے، میرا مذہب یہ کہتا ہے کہ اللہ اور اللہ کے رسولوں کو ماننے والے ہمارے بھائی ہیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسی طرح آپ کی عبادت گاہوں کی حفاظت کریں گے جس طرح ہم اپنی عبادت گاہوں کی کرتے ہیں، جڑانوالہ واقعہ پر آپ سے معافی مانگتا ہوں، ہم ان شاءاللہ اس واقعہ کا ازالہ کریں گے۔