راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی کے بعد پارٹی کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو بھی گرفتاری کے بعد اٹک جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی منتقلی کے انتظامات مکمل تھے، اٹک جیل میں چودھری پرویز الہٰی کو دیگر قیدیوں سے الگ رکھا جائے گا، اٹک جیل منتقلی سے پہلے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کا پمز ہسپتال میں میڈیکل بھی کیا گیا، میڈیکل کے بعد انہیں جیل منتقل کیا گیا۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کو رہا کیا تو اسلام آباد پولیس نے لاہور کے کینال روڑ سے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی رہائی کے فوری بعد دوبارہ گرفتار
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے تحریری حکم میں کہا تھا کہ چودھری پرویز الہٰی کو نیب یا کوئی اتھارٹی اور ایجنسی گرفتار نہیں کرے گی جب کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو کسی بھی قانون کے تحت نظر بند بھی نہیں کیا جائے گا، عدالت نے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو بحفاظت ان کی رہائش گاہ پر منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتی حکم پر رہائی کے بعد پرویز الہٰی پولیس افسران کے قافلے میں گھر کی جانب روانہ ہوئے تو ظہور الہٰی روڈ پر اسلام آباد پولیس نے ان کو ذاتی گاڑی سے اتار کر سفید رنگ کی گاڑی میں منتقل کیا، گرفتاری کے موقع پر سردار لطیف کھوسہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے، اسلام آباد پولیس چودھری پرویز الہٰی کو بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور سے لے کر اسلام آباد روانہ ہوئی۔