راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 13 پارٹیاں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں اور ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں، ایک لندن میں، دوسرا دبئی، تیسرا سعودی عرب میں چلا گیا ہے اور عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں، کل کی شٹر ڈاؤن ہڑتال نے ثابت کیا ہے کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے شکنجے میں آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی گئی تھی ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا، پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی حل نکلے گا سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے جاتے۔
13 پارٹیاں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں اور ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں ایک لندن میں دوسرا دبئی میں تیسرا سعودی عرب میں چلا گیا ہےاور عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں کل کی شٹر ڈاؤن ہڑتال نے بھی ثابت کیا ہے کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) September 3, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا، حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جا رہا اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے استحکام نہیں آئے گا تو حالات سنگین اورگھمبیر ہو جائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ستمبر اہم ترین مہینہ ہے، دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کے لئے خوش آئند ہوگا۔