لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ جب ہمیں ذمہ داری ملی تو ہیلتھ سیکٹر کے حالات خراب تھے، کوشش کر رہے ہیں اس میں کچھ نہ کچھ بہتری کر کے جائیں، جب کسی غریب کا صحیح طریقے سے علاج ہو تو بہت تسکین ملتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم مختصر وقت کیلئے آئے لیکن وہ وقت زیادہ ہوگیا، ہم نے ہیلتھ سیکٹر پر پہلے دن سے کام شروع کیا، موجودہ حالات کا ڈاکٹرز کو قصور وار نہیں ٹھہراتا، وہ اپنا کام کر رہے ہیں، ایک ڈاکٹر ایک بیڈ پر پانچ مریضوں کا علاج کر رہا ہے، سہولیات دینا گورنمنٹ کا کام ہے، فنڈز نہیں دیں گے تو وہی رزلٹ نکلتا ہے جو تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے مجھے اچھی ٹیم ملی، مل کر دن رات کام کیا، مجھے بڑی امید ہے لوگوں کو اچھے سٹینڈرڈ کی سہولیات ملیں گی، ہم تو کچھ نہ کچھ کر کے چلے جائیں گے لیکن آگے جو بھی آئے اس کو معاملات درست رکھنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 کروڑ کی آبادی میں اگر 150 بہتر لوگ لگ جائیں تو ہیلتھ سہولیات بہتر ہوجائیں گی، ہم نے میرٹ پر تقرریاں کی ہیں، آج کل ڈینگی آیا ہوا ہے، جتنی محنت ہم نے کی ہے ڈینگی انشاء اللہ کنٹرول میں رہے گا، ہسپتالوں کی تعداد نہیں یاد کہ کتنوں کا دورہ کر چکا ہوں۔