’دنیا نیوز‘ کے سینئر رپورٹر ثمین جان پشاور میں انتقال کر گئے

Published On 10 September,2023 07:10 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ’دنیا نیوز‘ کے سینئر رپورٹر ثمین جان پشاور میں انتقال کر گئے۔

ثمین جان کا شمار ’دنیا نیوز‘کے بانی کارکنوں میں ہوتا تھا، ثمین جان 5 نومبر 2007ء سے ’دنیا نیوز‘سے وابستہ تھے، ثمین جان جگر کے کینسر میں مبتلا تھے، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں وہ خالق حقیقی سے جا ملے، ثمین جان کی عمر پچپن سال تھی، مرحوم نے پسماندگان میں تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

دنیا گروپ کی مینجمنٹ اور کارکن غمزدہ خاندان کے غم میں برابر شریک ہیں، ثمین جان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پشاور پریس کلب کی کابینہ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئی، رات گئے مرحوم کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ثمین جان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا، حاجی غلام علی نے کہا ثمین جان کے انتقال کا سن کر دلی دکھ ہوا، دعا گو ہیں اللہ مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا کرے، ثمین جان محنتی، ایماندار، نڈر صحافی تھے۔

نگران وزیر برائے خوراک، زراعت، لائیو سٹاک و جنگلات آصف رفیق نے کہا ثمین جان کی رحلت سے ایک عہد صحافت تمام ہوا، ثمین جان بہترین صحافی کے ساتھ ایک شفیق شخصیت کے بھی مالک تھے، صحافت میں مرحوم کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی، اللہ تعالیٰ مرحوم کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔