اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی عدالت نے سائفرکیس میں شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں سابق وزیر خارجہ کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا۔
عدالتی عملے نے شاہ محمود سے کہا کہ سائفرکیس میں آپ کی کل کے لیے درخواست ضمانت مقرر ہے، اس پر شاہ محمود نے پوچھا کہ کیا کل مجھے جوڈیشل کمپلیکس آنا ہوگا؟ اس پر عدالتی عملے نے کہا کہ نہیں درخواست ضمانت پر آپ کو کل جوڈیشل کمپلیکس نہیں آنا پڑے گا، جج ابوالحسنات اٹک گئے ہوئے ہیں، آپ کو آج حاضری لگا کر واپس بھیج دیں گے جو اگلی تاریخ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی ہوگی وہی آپ کی ہو گی۔
بعد ازاں خصوصی عدالت کے جج نے مختصر سماعت کے بعد شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کردی۔