انقرہ: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا دورہ کیا، انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی، سفارتی اور فوجی تعاون کا ایک حصہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، خارجہ اور دفاع کے وزرا سے ملاقات کی، آرمی چیف نے جنرل سٹاف کے کمانڈر اور بری و فضائیہ کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی۔
— Pakistan Armed Forces News (@PakistanFauj) September 13, 2023
آرمی چیف نے ملاقاتوں میں دفاع اور تربیت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، جنرل سید عاصم منیر نے خطہ میں امن کے لیے ترکیہ فوج کی کوششوں کو سراہا، آرمی چیف نے ترکیہ کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کی تعریف بھی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک رہنماؤں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا بھی اعتراف کیا، آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔
— Pakistan Armed Forces News (@PakistanFauj) September 13, 2023
آرمی چیف کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے آرمی چیف کو پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں "لیجن آف میرٹ سے نوازا ۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے، پاک فوج ترکیہ کی بَری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان مصیبت اور خوشی کے لمحات میں ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔