سابق وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی علاج کیلئے درخواست منظور

Published On 14 September,2023 10:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کے علاج کیلئے درخواست منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت کی۔

یاسمین راشد نے سروسز ہسپتال میں کینسر کے ٹیسٹ کرانے کی اجازت مانگی تھی جس پر عدالت نے جیل حکام کو ان کے سروسز ہسپتال سے کینسر ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا۔

اس حوالے سے عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ جیل حکام یاسمین راشد کو ہسپتال میں کینسر ٹیسٹ کیلئے لے کر جائیں۔

واضح رہے کہ رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں جیل میں ہیں۔

14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا

علاوہ ازیں 9 مئی کو شیرپاؤ پُل پر اداروں کے خلاف تقریر اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے یاسمین راشد کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

پولیس نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد کو عدالت میں پیش کیا تھا۔