90 روز میں الیکشن: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی

Published On 14 September,2023 05:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی 90 روز میں عام انتخابات کرانے کی آئینی درخواست واپس کر دی، رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کی۔

سپریم کورٹ نے اعتراض لگایا کہ درخواست گزار نے سپریم کورٹ آنے سے قبل کسی متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، صدر مملکت کو آئین کے آرٹیکل 248 کے مطابق درخواست میں فریق نہیں بنایا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈیشنل رجسٹرار عامر رانا کو رجسٹرار سپریم کورٹ کااضافی چارج دیدیا گیا

درخواست میں نہیں بتایا گیا کہ درخواست گزار کا کونسا بنیادی حق متاثر ہوا؟ درخواست میں براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے آرٹیکل 184/3 کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

پی ٹی آئی نے وکیل علی ظفر کے توسط سے درخواست دائر کی تھی، درخواست میں 90 روز میں انتخابات کرانے اور مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔