نگران وفاقی وزیراطلاعات کی نمیرہ سلیم سے ملاقات ، نئے خلائی سفرکیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

Published On 15 September,2023 11:10 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم نے ملاقات کی اور انہیں 5 اکتوبر کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نمیرہ سلیم کو خلائی سفر شروع کرنے پر حکومت پاکستان، وزیراعظم اور عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نمیرہ سلیم تمام خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں، ان کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کے لئے اہم کامیابی ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نمیرہ سلیم کی اس کاوش سے پاکستان کے امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل زندگی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام دنیا میں بلند کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ نمیرہ سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

نمیرہ سلیم 21 اپریل 2007ءکو قطب شمالی اور 8 جنوری 2008ءکو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں جبکہ آئندہ ماہ وہ خلائی سفر پر روانہ ہو رہی ہیں۔