اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گلوبل ڈویلپمنٹ اینشی ایٹو کیلئے پاکستان کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پرعالمی ترقیاتی تعاون سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اجلاس میں شرکت کی، چین کے صدرشی جن پنگ نے ستمبر2022 میں اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی تھی۔
وزیراعظم آفس کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پائیدار ترقی کے اہداف پر روشنی ڈالی، انوارالحق کاکڑ نے کہا گلوبل ڈویلپمنٹ اینشی ایٹو پرعملدرآمد ایک سنگ میل ہے، غذائی پیداوار، انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری، صنعت کاری اور صحت کے شعبوں میں ہمیں اقدامات کرنا ہونگے۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم سے ایرانی صدر کی ملاقات، دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر زور دیا
اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم نے کہا پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو کرونا، تنازعات اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے شدید دھچکا لگا، نگران وزیراعظم نے جی ڈی آئی کے لئے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدامات اور سی پیک کو ایس ڈی جیز کے حصول کے لئے اہم قرار دیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا وزیر اعظم نے 5 اہم شعبوں میں اقدامات کی ضرورت پرزور دیا، خوراک کی پیداوار، بنیادی ڈھانچے، صنعت، صحت اور ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے پر زور دیا، انوارالحق کاکڑ نے ترقیاتی عمل کی تمام سطحوں پر مناسب مالیاتی ضرورت کو مزید اجاگر کیا، صدر شی جن پنگ کی طرف سے جی ڈی آئی کے نفاذ کے لئے 10 بلین ڈالر کے فنڈ کے قیام کا خیرمقدم کیا۔
اعلامیہ کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان چین اور گروپ آف فرینڈز آف جی ڈی آئی ارکان کے ساتھ اپنے تعاون کو بڑھانے کا منتظر ہے، تقریب میں چین کے نائب صدر ہان ژینگ، جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس اور دیگر اعلیٰ سطح کے ارکان نے شرکت کی۔