وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات،دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

Published On 20 September,2023 09:16 am

نیویارک: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیو یارک میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، انوار الحق کاکڑ اور ابراہیم رئیسی نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی شعبے میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مند بارڈر مارکیٹ کے حالیہ افتتاح سمیت دیگر اقدامات نہ صرف سرحدی علاقوں کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کے لئے کام کرنے کے اجتماعی عزم کے ٹھوس اظہار کے طور پر بھی کام کریں گے۔

ملاقات میں انوار الحق کاکڑ نے دونوں ممالک کے لیے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ وہ اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دیں۔

انوار الحق کاکڑ نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب اور پائیدار ترقیاتی اہداف پر اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کی۔

دوسری جانب پائیدار ترقی سے متعلق مباحثے سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو ترقیاتی اہداف کے حصول میں وسائل کی کمی کا سامنا ہے، پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع ضروری ہیں اور کمزور ممالک کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔