9 ماہ جیل میں رہنے والی افغان خاتون کیخلاف مقدمہ خارج

Published On 20 September,2023 01:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 ماہ جیل میں رہنے والی افغان خاتون کے خلاف درج مقدمہ خارج کر دیا۔

عدالت عالیہ کے جسٹس بابر ستار نے افغان خاتون کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان سیاسی پناہ یا اسائلم کے حق کو تسلیم کرتا ہے، افغان خاتون کے پاس پاکستانی ویزا نہ ہونے کے الزام کے تحت درج مقدمہ خارج کیا جاتا ہے۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو خاتون کو آسٹریلیا جانے کے لیے اجازت نامہ دینے کا حکم بھی دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ سیاسی پناہ یا اسائلم کے متلاشی افراد کو جیل نہیں بھیجا جا سکتا، ایف آئی اے نے سیکشن 14 فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، راحیل عزیزی کی جان کو افغانستان میں خطرات لاحق تھے، وہ جان بچانے کے لیے پاکستان آئیں، افغان خاتون کو آسٹریلیا کی حکومت ویزا دے چکی ہے، پاکستان میں درج مقدمے کی وجہ سے افغان خاتون آسٹریلیا نہیں جا سکیں، اس صورت حال میں راحیل عزیزی کے خلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔

واضح رہے کہ راحیل عزیزی نے 5 سال تک افغان پولیس فورس میں خدمات سرانجام دیں، وہ طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد بارڈر کراس کر کے پاکستان آ گئی تھیں۔