لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف دوبارہ لندن نوازشریف کو پچ رپورٹ دینے گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم کی لندن روانگی پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پچ رپورٹ دیکھ کر ہی کریز پر آنے کا فیصلہ کریں گے، وہ ہوم گراؤنڈ پر بھی کنڈیشنز دیکھ کر کھیلنا چاہ رہے ہیں، ن لیگ شاید کسی "سپر لیگ "مقابلوں کی منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میچ سے قبل ٹاس کے لئے کپتان کا گراؤنڈ میں آنا ضروری ہوتا ہے، دیکھتے ہیں کہ نواز شریف ٹاس کے لئے خود میدان میں اترتے ہیں یا کسی اور کو بھیجتے ہیں۔
رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی سیاست میں آمد کی وجہ سے مقابلے سنسنی خیز ہوں گے، آئی پی پی اپنی عوام دوستی سے دیگر پارٹیوں کو شکست دے گی، آئی پی پی دیگر پارٹیوں کی طرح پولیٹیکل ڈیفالٹر نہیں ہے، نواز شریف کے واپس آنے یا نہ آنے سے آئی پی پی کی سیاست کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔