لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا انتشار پارٹی کی واحد باقیات اب روڑے اٹکا کر حق نمک ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق نے صدر عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ تجویز کرنے پر رد عمل میں کہا ملک کے سپریم آفس کی جانب سے ایک بار پھر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، صدر کی جانب سے انتہائی عجلت میں انتخابات کی تاریخ تجویز کی گئی ہے، ان کا یہ عمل الیکشن کمیشن کے آئینی دائرہ اختیار میں مداخلت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات کی تاریخ دینے میں صدر مملکت کا کوئی کردار نہیں: فردوس عاشق اعوانۙۨ
ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا اوور ڈیٹڈ پریذیڈنٹ کی اوور ڈیٹڈ ایڈوائس ملکی بدنامی کا باعث ہے، زائد المعیاد صدر کی تجاویز بھی ایکسپائری ڈیٹ کی حامل ہے، انتشار پارٹی کی واحد باقیات اب روڑے اٹکا کر حق نمک ادا کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے، نئی حلقہ بندیوں کے بغیر انتخابات کی تاریخ تجویز کرنا سیاسی عدم استحکام کا باعث ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق نے مزید کہا افسوس کہ ایوان صدر ایک پارٹی ورکر کی وجہ سے بے قدر ہو رہا ہے، صدر ذاتی انا اور ہٹ دھرمی کا شکار ہو چکے ہیں جو ان کے عہدے کے منافی ہے، الیکشن کمیشن اور ایوان صدر کے آمنے سامنے آنے سے حالات گھمبیر ہو جائیں گے، پوری دنیا میں غیر مستحکم نظام جمہوریت کا پیغام جائے گا۔