اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ تمام وسائل موجود، الیکشن کمیشن جب کہے گا انتخابات کرا دیں گے۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا انتخابات کرانے کیلئے ہمارے پاس تمام وسائل موجود ہیں، الیکشن کمیشن کے اعلان پر اپنی خوشی کا اظہار کرتا ہوں، الیکشن کمیشن کا ادارہ قابل اور لائق لوگوں پر مشتمل ہے، یہ واحد ادارہ ہے جس نے صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے ہیں، پہلے امکان تھا کہ شاید لمبا عرصہ حلقہ بندیوں میں لگے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کی جڑوں میں شامل ہے : مرتضیٰ سولنگی
مرتضیٰ سولنگی نے کہا آج الیکشن کمیشن نے کہہ دیا ہے غالب امکان یہی ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات ہوں گے، الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابی مہم کیلئے 54 دن دینے ہیں، حتمی تاریخ کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہے، جس دن بھی الیکشن کمیشن انتخابات کرائے گا ہم مکمل طور پر تیار ہیں، تمام وسائل الیکشن کمیشن کو فراہم کریں گے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع حاصل ہوں، ہمارا سب سے بڑا چیلنج الیکشن کمیشن کی اعانت کرنا ہے، ہر حوالے سے ان کی ضروریات پوری کرنی ہیں، ہم اپنی ریاست کی پوری طاقت الیکشن کمیشن کے پیچھے کھڑی کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا میرے پاس غیب کا علم نہیں ہے، نہیں کہہ سکتا کہ کل کیا ہوگا، کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ الیکشن میں تاخیر ہو، بجٹ میں الیکشن کیلئے پیسے موجود ہیں، کسی قسم کا مسئلہ نہیں، انتخابات کرانے کیلئے ہمارے پاس تمام وسائل موجود ہیں۔