لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ جاری کر کے ملک میں طبل جنگ بجا دیا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کی تاریخ کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی پی کے ووٹر کو عزت دو کے سفر کا آغاز ہونے جا رہا ہے، آئی پی پی واحد جماعت ہے جو پہلے ووٹر کو عزت دینے کی بات کرتی ہے، ووٹر کو عزت ملی تو ووٹ کو بھی عزت ملے گی اور امیدوار کو بھی۔
انہوں نے کہا کہ جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کے اعلان سے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں، خوشی ہے کہ نگران سیٹ اپ اپنے حقیقی فرائض کی جانب مستعدی سے بڑھ رہا ہے، یقیناََ نگران سیٹ اپ کا اصل مینڈیٹ انتخابات کا بر وقت انعقاد ہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اپنی پہلی انتخابی اننگ بھرپور انداز میں کھیلے گی، انتخابی دنگل میں آئی پی پی اپنا بھر پور رنگ جمائے گی، ملک دوبارہ جمہوریت اور استحکام کی راہ پر گامزن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے اعلان سے سیاسی صف بندی کا آغاز ہونے لگا ہے، پولیٹیکل ڈیفالٹر سیاسی پارٹیاں ہی لیول پلیئنگ فیلڈ کا بہانہ بنا رہی ہیں، سخاوت کی سیاست کرنے والوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کوئی مسئلہ نہیں، جن کو عوام کے سامنے جوابدہی کا خوف ہے وہی لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔