لاہور: (دنیا نیوز) نیب ترامیم کالعدم قرار دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد مکمل ہو گیا، نیب نے لاہور کی دس احتساب عدالتوں میں 118 ریفرنسز واپس جمع کرا دیئے۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس بحال ہو گیا، رمضان شوگر ملز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔
سابق وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ریفرنس کا ریکارڈ اور سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سمیت دیگر کیخلاف چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے غیر قانونی ٹھیکوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔
سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں اور سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انوار کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول کا ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔