لاہور: (دنیا نیوز) لاہور بار ایسوسی ایشن نے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلاء پر مقدمات درج کرنے کیخلاف عدالتوں کی تالہ بندی کر دی۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلاء کیخلاف مقدمات درج کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے لاہور بار ایسوسی ایشن نے سیشن کورٹ کے مرکزی دروازوں پر تالے لگا دیئے۔
پولیس،اینٹی کرپشن اور سائلین کا عدالتوں میں داخلہ بند کر دیا گیا، لاہور سیشن عدالت کے دروازوں کے باہر سائلین کا رش لگ گیا۔
سائلین کا کہنا ہے کہ ہم دور دراز علاقوں سے آئے ہیں، ہمیں عدالتوں میں داخلے کی اجازت دی جائے اور ہمارے مقدمات میں پیش ہونے دیا جائے۔
لاہور بار کا اعلامیہ
دوسری جانب لاہور بار ایسوسی ایشن نے اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلاء کے ساتھ ناانصافیوں پر اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق وکلاء کی جانب سے 25 ستمبر سے اینٹی کرپشن کے اہلکاروں کے احاطہ عدالتوں میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
صدر لاہور بار کا کہنا ہے کہ کسی اینٹی کرپشن کے ملازم اور افسر کو احاطہ عدالت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، اینٹی کرپشن وکلاء کے ساتھ زیادتیاں کر رہا ہے، اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلاء کے ساتھ بدتمیزی اور وکلاء برادری کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔