اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے بار کونسلز کے نمائندگان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں سینئر پیونی جج جسٹس سردار طارق مسعود بھی شریک تھے، ملاقات میں وکلا نمائندگان نے ماہانہ کاز لسٹ جاری کرنے کی درخواست کی۔
وکلا کا کہنا تھا کہ کاز لسٹ ماہانہ جاری کی جائے گی تو وکلا کو تیاری کیلئے وقت مل جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق ہر ہفتے دائر کیے گئے اور نمٹائے گئے مقدمات کے اعداد و شمار جاری کیے جائیں گے، 18 تا 22 ستمبر تک 225 مقدمات دائر ہوئے، اسی مدت کے دوران 205 مقدمات نمٹائے گئے، نمٹائے گئے مقدمات میں متفرق درخواستیں شامل نہیں۔
اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ چار ہفتوں کی مجوزہ کازلسٹ کے اجراء کی پوری کوشش کرے گی، سپریم کورٹ نے ماہ اکتوبر کے لیے مجوزہ کازلسٹ جاری کر دی ہے۔