لاہور : (ویب ڈیسک ) آنکھوں کی بیماری کےعلاج کے لیے غیر معیاری انجکشن استعمال کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں رانا سکندر ایڈووکیٹ نے غیر معیاری آنکھوں کا انجکشن استعمال کرنے کے اقدام کے خلاف درخواست دائر کر دی جس میں نگراں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آنکھوں کی بیماری کے علاج کے لیے غیر معیاری انجکشن لگائے جا رہے ہیں جس کے باعث 14 افراد آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت غیر معیاری انجکشن کا استعمال روکنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے انجکشن سے بینائی متاثر ہونے والے افراد کا مفت علاج کروانے کا حکم دیا ہے۔
لاہور میں آنکھوں کے انجکشن سے بینائی جانے کا سکینڈل سامنے آنے پر انجکشن بنانے والوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔