لاہور: (دنیانیوز) عوام کے بعد اب ڈاکوؤں نے سیاستدانوں کو بھی لوٹنا شروع کردیا، سابق رکن پنجاب اسمبلی ربیعہ نصرت سے ڈاکو پچاس ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ربیعہ نصرت کی گاڑی کا پیچھا کرنے والے ڈاکوؤں کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ، تھانہ شمالی چھاؤنی نے ڈکیتی کی بجائے چھینا جھپٹی کا مقدمہ درج کر لیا ۔
پولیس کے مطابق ربیعہ نصرت ہسپتال سے کسی کی عیادت کرکے نکلیں تو موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکوؤں نے گاڑی کو ٹکر مار کر روکا، گاڑی رکنے پر اسلحہ کے زور پر ڈاکوؤں نے سابق رکن پنجاب اسمبلی کا بیگ چھین لیا ۔
درج ایف آئی آر کے مطابق سابق ایم پی اے کے بیگ میں 50 ہزار، موبائل فون، اے ٹی ایم، اور اسمبلی کارڈ بھی موجود تھا۔
اس حوالے سے سابق ایم پی اے کاکہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج آنے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ نہیں لگا سکی ہے اور مقدمہ بھی ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج نہیں کیا ہے ۔