لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب

Published On 23 September,2023 04:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والی بارش کافی دیر تک جاری رہی، مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ سمیت دیگر مقامات پر جم کر بادل برسے، بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹنے سے درجہ حرارت 23 ڈگری تک پہنچ گیا۔

بارش کے باعث لاہور کے متعدد نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، گلشن راوی سمیت کئی علاقے بارش کے پانی کی وجہ سے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہو گیا، متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

علاوہ ازیں مریدکے، سانگلہ ہل، صفدر آباد، کاہنہ، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، ساہیوال، کامونکی، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی، آج اور کل بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔