لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف کے وطن واپسی پر استقبال کے لیے ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران کو زیادہ سے زیادہ کارکنان لانے کا ٹاسک دے دیا۔
مسلم لیگ ن کی قیادت کو نواز شریف کے استقبال کے لئے 10 لاکھ کارکنان کی آمد کی امید ہے، چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا ویمن ونگ کی کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دیدیں۔
پنجاب کے علاوہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا خواتین ونگ کی بھی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں، چیف آرگنائزر مریم نواز نے استقبالیہ کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے ذمہ دار خواجہ سعد رفیق ہوں گے، گوجرانوالہ کی ملک احمد خان، سرگودھا کی احسن اقبال اور فیصل آباد کی کمیٹی کی سربراہی خرم دستگیر کریں گے، ساہیوال ڈویژن کی کمیٹی کے میاں جاوید لطیف، ملتان کے اویس لغاری، بہاولپور کے سردار ایاز صادق سربراہ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے طلال چودھری اور لاہور ڈویژن کی کمیٹیوں کے سعود مجید ذمہ دار ہوں گے، 9 ڈویژنز کی زیر سرپرستی پنجاب کے 36 اضلاع کے عہدیداران کی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
عطا تارڑ کو ضلع راولپنڈی، مصدق ملک کو اٹک اور حنیف عباسی کو چکوال کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، صبا صادق جہلم، گجرات کے شیخ آفتاب سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چودھری سرگودھا، چودھری تنویر اوکاڑہ کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے۔
30 ستمبر کو تمام کمیٹیاں پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں سے متعلق اپنی رپورٹس چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کو پیش کریں گی۔