احتساب عدالت کراچی میں نیب آرڈیننس ترمیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع

Published On 26 September,2023 06:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) احتساب عدالت میں سپریم کورٹ کی جانب سے نیب آرڈیننس ترمیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔

شہر قائد کی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم و دیگر کیخلاف 17 ارب روپے کرپشن کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا، عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین سمیت 8 ملزموں کو طلب کر لیا۔

احتساب عدالت نے ریفرنس میں نامزد دیگر ملزموں بشارت مرزا، ظہیر صدیقی، شعیب وارثی، خالد رحمان، ملک عثمان، یوسف جمیل اور اقبال زیڈ احمد کو بھی طلب کر لیا، عدالت نے تمام ملزموں کو 7 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

احتساب عدالت کے مطابق سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو نیب ترامیم کالعدم قرار دے دی ہیں، ملزموں کے خلاف دائر ریفرنس اب بحال ہو چکا ہے، نیب کے مطابق ملزموں پر گیس کے ٹھیکوں کی مد میں 17 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ ملزموں نے نیب ترمیم کے بعد عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا، سندھ ہائیکورٹ نےملزموں کیخلاف ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم دیا تھا۔