اسوۂ رسول کریمؐ اپنا کر ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں: شہباز شریف

Published On 28 September,2023 09:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے امت مسلمہ کو عید میلادالنبیؐ کی مبارکباد پیش کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نبی اکرمؐ کی ولادت باسعادت اللہ تعالیٰ کی انسانیت پر خاص رحمت تھی، اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا، "درود ان پر سلام ان پر جو پیغام حق کی خاطر ستائے گئے، جن کے اعلیٰ ترین اخلاق کا دشمنوں نے اعتراف کیا"۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نبی اکرمؐ نے انسانیت کی فلاح اور دنیا و آخرت میں کامیابی کا ابدی نظام دیا، دنیا کو ظلم، جہالت اور مسائل سے نجات خاتم النبیینؐ کے اسوۂ حسنہ سے ہی مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپؐ نے نفرتوں، تقسیم اور جھگڑوں کو ختم کیا اور ایک دوسرے کے خون کے پیاسوں کو بھائی بھائی بنا دیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپؐ نے انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اور پودوں کے حقوق کی بھی تلقین فرمائی، اسوۂ رسول کریمؐ اپنا کر ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔