راولپنڈی: جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری

Published On 28 September,2023 03:39 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دے دیا گیا ہے، 6000 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران اور 455 سے زائد ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات ہوں گے۔

راولپنڈی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں دو مرکزی جلوس نکالے جائیں گئے، ایک 9:30 بجے صبح 22 نمبر چونگی سے نکالا جائے گا اور دوسرا جلوس صبح 10 بجے جامعہ مسجد حنفیہ جامع مسجد روڈ سے نکالا جائے گا۔

مرکزی جلوس سمیت 137 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے، مرکزی جلوس میں 3000 سے زائد اہلکار و افسران ڈیوٹی کریں گے جبکہ ضلع بھر کے دیگر 136 جلوسوں میں سکیورٹی کیلئے 3100 سے زائد اہلکار و افسران فرائض سر انجام دیں گے۔

جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں، شرکاء کو مکمل باڈی سرچ کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی، جلوس کی سکیورٹی کیلئے روف ٹاپ پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے۔

جلوس کے آغاز سے قبل سرچنگ، سویپنگ کی جائے گی، جلوس کے روٹ پر گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا جائے گا۔