اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے وزیراعظم کا باہر جاکر بھیک مانگنا عوام کیلئے باعث شرم ہے، پاکستان غلامی کیلئے نہیں بنا تھا، فلاحی ریاست بنانے کیلئے رول آف لاضرور ی ہے، اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل تمام مسائل کا واحد حل ہے، اپنی ذات کیلئے زندگی بسر کرنے والے کبھی بڑے آدمی نہیں بن سکتے۔
رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بچوں کو سکولوں میں سیرت النبی ﷺ پڑھانے کی ضرورت ہے، انصاف کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، برطانیہ میں وزیر اعظم بھی قانون توڑنے کی جرت نہیں کر سکتا، برطانوی وزیر اعظم کو کورونا کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ہٹا دیا گیا تھا، انصاف کی وجہ سے معاشرے میں خوشحالی آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں اسلامی تعلیمات پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، جن لوگوں نے خود کو بدلا وہ بہت آگے نکل چکے ہیں، ترقی کیلئے خوف کے بت کو توڑنا بہت ضروری ہے، ماں باپ کی ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ بچے وہ غلطیاں نہ کریں جو ہم نے کی تھیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنی قوم کو بتاتا ہوں میں نے اپنی زندگی سے کیا سبق سیکھے ہیں، میں نے اپنی زندگی سیرت النبی ﷺ سے کیسے بدلی، میں نے زندگی میں سب کچھ دیکھا ہے، 622 میں میرے نبیﷺ مدینہ ہجرت کرتے ہیں،632 ہجری میں وہ دنیا سے چلے جاتے ہیں، ہمارے نبیﷺ نے کس طرح ان لوگوں کو تبدیل کیا، کیسے وہ سب کے لیڈر بن گئے۔