اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ سے اُٹھنے والے انقلاب نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا، قوم کی تربیت اور اصلاح میں مسجد کا اہم کردار ہے۔
ایوانِ صدر میں قومی رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب میں صدر مملکت عارف علوی نےکہا کہ معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری صرف ریاست پر نہیں سب پر عائد ہوتی ہے۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سنت نبویﷺ سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم ہوتی ہے، حضور ﷺکی زندگی میں مسجد نبوی ﷺریاست مدینہ کی تمام سرگرمیوں کا مرکز تھی، مسجد نبویﷺ نے عدالت، درس گاہ اور عبادت گاہ کا بھی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی، اتحاد و یگانگت اور قوم کی اخلاقی تربیت کے لیے اسکول، مساجد و منبر، میڈیا اور خاندان کے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، اور ان اداروں کی مدد سے قوم کے نوجوانوں کی کی اخلاقی تربیت کرنا ہوگی۔