وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا سروسز ہسپتال کا دورہ، ماڈل وارڈ میں سہولیات کا جائزہ لیا

Published On 29 September,2023 08:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کابینہ ارکان کے ساتھ سروسز ہسپتال پہنچ گئے، وزیراعلیٰ اور پنجاب کابینہ نے سروسز ہسپتال میں بنائے گئے ماڈل وارڈ اورماڈل روم کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی اور کابینہ ارکان نے ماڈل وارڈ اور ماڈل روم میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے ماڈل کوریڈور، نرسنگ کاؤنٹر، وارڈ اور روم میں لگائی گئی ٹائلز اور ونڈوزکا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے ماڈل وارڈ اور ماڈل روم کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ انجکشن سکینڈل پرائیویٹ ہسپتالوں میں پیش آیا اوراس میں پرائیویٹ لوگ شامل ہیں، جیسے ہی انجکشن سکینڈل کے بارے میں معلوم ہوا فوری کارروائی شروع کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، انجکشن سکینڈل میں ملوث تمام بااثر عناصرکو قانون کی گرفت میں لائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عید میلاد النبیؐ کی اصل خوشی نبی پاکؐ کی سنت پر عمل کرنے میں ہے: محسن نقوی

ان کا کہنا تھا کہ آشوب چشم کا انجکشن سکینڈل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، آشوب چشم پورے پاکستان میں پھیلی ہوئی ہے صرف پنجاب میں نہیں، آشوب چشم سے بچاؤ کے لئے ہم پوری کوشش کر رہے ہیں، یہ ایک وباء ہے اس سے نمٹنے کے لیے جو ہم کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں، سکول اس لئے بند کیے تاکہ آشوب چشم کے بڑھنے کی رفتار کم ہو۔

محسن نقوی نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ ایم ایس سروسز ہسپتال کو باقاعدہ طور پر دھمکایا جا رہا ہے، جو لوگ بھی ایم ایس کو تھریٹ کر رہے ہیں ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، پورے سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن ہورہی ہے۔