لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کی حقیقی خوشی نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرنے میں ہے۔
الحمرا ہال میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے زیر اہتمام عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ کی کوئی ایک اچھی عادت اپنی زندگی میں شامل کر لیں، کسی ایک غلط عادت کو چھوڑ دیں تو وہ بھی ایک بہت بڑی برکت ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپﷺ نے فرمایا اپنی زندگی میں حرام کمائی شامل نہ کرو، چند ماہ میں دیکھا ہے کہ سرکاری ملازمین دانستہ یا غیر دانستہ طور پر ایسا کر جاتے ہیں، سرکاری ملازمین کو اپنا ڈیوٹی کا وقت پورا کرنا چاہیے، جو بھی کام کر رہے ہیں کسی بھی صورت حرام کو اپنی زندگی میں نہ لائیں۔
یہ بھی پڑھیں:اقوام عالم میں اپنا کھویا مقام حاصل کرنے کیلئے اسوہ حسنہؐ پرعمل کرنا ہوگا: محسن نقوی
انہوں نے کہا کہ آپﷺ نے فرمایا تعلیم حاصل کرو چاہے تمہیں چین کیوں نہ جانا پڑے، آج سرکاری سکولوں کی بری حالت ہے، آج سے بیس تیس سال پہلے کمال کے سرکاری اساتذہ ہوتے تھے، پاکستان 27 رمضان کو بنا تھا،اس کا مستقبل روشن ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے آج سبیلیں بھی لگائیں اور نعتیں بھی پڑھیں، اگر کوئی یہ کہے کہ پاکستان کے برے حالات ہیں، ایسی باتیں نہ سنیں، ہم سب نے ملک کی ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے، پاکستان کو ٹریک پر لیکر جانا ہے۔