ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کیس سماعت کیلئے مقرر

Published On 30 September,2023 03:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابرستار نے 28 ستمبرکی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کیس کی مزید کارروائی 24 اکتوبرکو ہوگی۔

ایم پی او کے تحت شہریار آفریدی کی گرفتاری اور اختیارات سے تجاوز کے کیس میں ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کیخلاف توہین عدالت کیس سماعت کیلئے مقرر کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے 28 ستمبرکی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ڈی سی عرفان میمن، ایس ایس آپریشنز جمیل ظفر، ڈی پی او اور ایس ایچ او کیخلاف سماعت 24 اکتوبر کو ہوگی۔

عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے وکلا نے اپنے وکالت نامے جمع کروائے، ڈی سی کی طرف سے رضوان عباسی اور ڈی پی او کی جانب سے بشریٰ قمر نے وکالت نامہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈی سی عرفان میمن نے 28 ستمبر کو غیرمشروط معافی مانگ کر خود کو عدالتی رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا، تاہم عدالت نے ڈپٹی کمشنر کی معافی مسترد کر دی تھی۔