لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور ملک کی ترقی کو روکنے والا آج کوڑے دان میں پڑا ہے ۔
شاہدرہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مہنگائی، بیروزگاری اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنیوالا اور پاکستان کے سینے پر لگے زخموں پر مرہم رکھنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ نواز شریف کو نکالنے والے عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہیں اور جس کو نکالا گیا اس کا استقبال کرنے کے لیے پاکستان کے عوام تیاریاں کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی قوم پر بڑا عذاب، نوازشریف نجات دلا کر خوشحالی لائیں گے: مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ ہر بار کی طرح نوازشریف پہلے سے زیادہ طاقت ور ہوکر واپس آرہا ہے، 21 اکتوبر کو اس ملک پاکستان میں امید ، ترقی ، امن، روزگار، مہنگائی کے خاتمےکی واپسی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک لیڈر پر مشکل آئی تو اس کی جماعت کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے، جس نے نواز شریف اور ترقی کو روکا وہ آج کوڑے دان میں پڑا ہے، نواز شریف نے سیاسی انتقام، جھوٹے مقدمات اور جیلیں سہیں، ان کے سیاسی نقصانات کا اندازہ نہیں کرسکتے ۔