خاور فرید مانیکا کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست خارج

Published On 02 October,2023 12:38 pm

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اوکاڑہ نعیم شوکت نے خاور فرید مانیکا کی جسمانی ریمانڈ کیخلاف درخواست خارج کر دی۔

محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضے کے الزام میں گرفتار خاور مانیکا کو اوکاڑہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اینٹی کرپشن کیس میں 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف خاور مانیکا کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن اوکاڑہ کے جج نعیم شوکت نے خاور مانیکا کی درخواست خارج کر دی۔

یاد رہے کہ خاور مانیکا نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کو عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا، وہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن پنجاب کی حراست میں ہیں۔

خیال رہے کہ 30 ستمبر کو بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کے 8 روز جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی تھی، سماعت جج نعیم شوکت کے چھٹی پر ہونے کے باعث ملتوی کی گئی اور درخواست کو 2 اکتوبر کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔

خاور مانیکا کیخلاف کیس
واضح رہے کہ خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا، اس مقدمہ میں خاور مانیکا کے دو بیٹوں سمیت حلقہ پٹواری، منیجر محکمہ اوقاف اور ایکسائز انسپکٹر بھی نامزد ہیں۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔