کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی نیب انکوائری میں سابق صوبائی وزیر مکیش چاؤلہ کی نیب کیخلاف ہراساں کرنے کی درخواست نمٹا دی۔
پیپلزپارٹی کے سابق وزیر مکیش چاؤلہ و دیگر کی نیب کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت نیب کی جانب سے تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔
تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کے خلاف ایک ہی انکوائری زیرِ التواء ہے، محکمۂ فوڈ کی انکوائری میں درخواست گزار مطلوب نہیں ہے۔
عدالت نے نیب کے تحریری جواب کے بعد مکیش کمار و دیگر کی درخواست نمٹا دی۔
درخواست گزار مکیش چاؤلہ نے محکمۂ خوراک کی ممکنہ انکوائری کا اندیشہ ظاہر کیا تھا اور عدالت نے اندیشے کے پیشِ نظر ان کی دو ضمانتیں منظور کر لی تھیں۔