اسلام آباد: (دنیانیوز) نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے معروف اوورسیز پاکستانی طاہر جاوید کو معاون خصوصی مقرر کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانی طاہر جاوید وفاقی کابینہ میں شامل ہوگئے ہیں ،انہیں سرمایہ کاری کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔
نگراں وزیراعظم کی جانب سے طاہر جاوید کو وزیر مملکت کے برابر مراعات دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعظم نے شہزادہ احسن اشرف شیخ کو وفاقی وزیر بھی مقرر کیا ہے ، وزیراعظم نے شہزادہ احسن سے متعلق سمری صدر کو ارسال کردی۔
یہ بھی پڑھیں: نگراں کابینہ میں توسیع، شہزادہ احسن اشرف شیخ وفاقی وزیر مقرر
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی کابینہ میں اب معاون خصوصی کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ نگراں کابینہ کی مجموعی تعداد 28 ہوگئی ہے ۔
واضح رہے کہ طاہر جاوید کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ امتیاز سے نوازا جاچکا ہے، وہ امریکا کی ڈیمو کریٹ پارٹی کے مرکزی رہنما بھی رہ چکے ہیں۔