کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے بجلی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کل گورنر ہاؤس سندھ پر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی قیمتوں کے خلاف کل گورنر ہاؤس پر دھرنا دیں گے، تمام اسٹیک ہولڈز دھرنے میں شریک ہوں گے، دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اس سطح پر رکھ کر معیشت آگے نہیں بڑھا سکتے، پٹرول کے ساتھ تمام غذائی اشیاء سستی ہونی چاہئیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے، کے فور منصوبہ التواء کا شکار ہے، سندھ حکومت نے بیڑا غرق کر دیا اور سرکاری ادارے تباہ ہوگئے، سندھ میں سکولوں اور کالجوں کا حال برا ہے، جرائم ان آبادیوں میں پنپتے ہیں جہاں معاشی حالات خراب ہوں، کرائے پر اسلحہ ملتا ہے تو سٹریٹ کرائم کیسے رکیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ کل ایک میٹنگ ہوئی، وزیرِ اعظم کو بھی ہونا چاہیے تھا، کراچی سندھ کا کیپیٹل ہے، پاکستان کی معیشت چلاتا ہے، مہنگائی بڑھاتے جائیں گے تو یہ نوجوان کہاں جائیں گے؟